Ay Madine ke Tajdar Salam
Hasan Raza Khan (d. 1908) · Urdu
اے مدینے کے تاجدار سلام
A salam to the crowned king of Madinah ﷺ.
اے مدینے کے تاجدار سلام
اے غریبوں کے غم گسار سلام
تیری اک، اک ادا پر اے پیارے
سو درودیں فدا، ہزار سلام
ربِ سلم کے کہنے والے پر
جان کے ساتھ ہوں نثار سلام
میرے پیارے پہ میرے آقا پر
میری جانب سے لاکھ بار سلام
میری بگڑی بنانے والے پر
بھیج اے میرے کردگار سلام
اس پناہِ گنہگاراں پر
یہ سلام اور کروڑ بار سلام
اس جوابِ سلام کے صدقے
تا قیامت ہوں بے شمار سلام
ان کی محفل میں ساتھ لے جائیں
حسرتِ جانِ بے قرار سلام
پردہ میرا نہ فاش حشر میں ہو
اے میرے حق کے راز دار سلام
وہ سلامت رہا قیامت میں
پڑھ لیا جس نے دل سے چار سلام
عرض کرتا ہے یہ حسن تیرا
تجھ پہ اے خلد کی بہار سلام
Source: Naat-Lyrics (open transcription) – Zauq-e-Naat. Public domain (poet d. 1908).