Dard-e-Dil Kar Mujhe Ata Ya Rab
Hasan Raza Khan (d. 1908) · Urdu
دردِ دل کر مجھے عطا یا رب
A munajat asking Allah for a heart that feels.
دردِ دل کر مجھے عطا یا رب
دے میرے درد کی دوا یا رب
لاج رکھ لے گناہ گاروں کی
نام رحمان ہے تیرا یا رب
عیب میرے نہ کھول محشر میں
نام ستار ہے تیرا یا رب
بے سبب بخش دے نہ پوچھ عمل
نام غفار ہے تیرا یا رب
بھول کر بھی نہ آئے یاد اپنی
میرے دل سے مجھے بھلا یا رب
خاک کر اپنے آستانے کی
یوں ہمیں خاک میں ملا یا رب
تیری جانب یہ مشتِ خاک اڑے
بھیج ایسی کوئی ہوا یا رب
سبقت رحمتی علی غضبی
تو نے جب سے سنا دیا یا رب
آسرا ہم گناہ گاروں کا
اور مضبوط ہو گیا یا رب
تو نے میرے ذلیل ہاتھوں میں
دامنِ مصطفی دیا یا رب
کر دیا تو نے قادری مجھ کو
تیری قدرت کے میں فدا یا رب
تو حسن کو اٹھا حسن کر کے
ہو مع الخیر خاتمہ یا رب
Source: Naat-Lyrics (open transcription) – Zauq-e-Naat. Public domain (poet d. 1908).